Jan ۰۱, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۹ Asia/Tehran
  • کرم امن معاہدہ طے پا گیا، فریقین نے معاہدے پر دستخط کر دیئے

کرم میں امن و امان کے حوالے سے گرینڈ جرگہ ختم اور فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کرم میں امن کے لیے جاری جرگہ ختم ہوگیا اور دونوں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کردیئے۔

کرم میں قیام امن کے لیے کوہاٹ میں گرینڈ جرگہ کچھ دیر قبل ختم ہوگیا ۔ معاہدے پر دونوں فریقین کی جانب سےدستخط کردیے گیے ہیں۔ معاہدے کے تحت دونوں فریقین قیام امن کے لیے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔

ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے صوبائی رہنما شبیر ساجدی نے کہا ہے کہ کرم میں امن و امان کے لیے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

انکا کہنا تھا کہ کرم میں دونوں فریقین نے معاہدے پر دستخط کردیے، فیصلہ کیا گیا کہ سیز فائر ہوگا۔ گھروں میں بغیر لائسنس کے اسلح نہیں رکھا جائے گا۔

جرگہ رکن ملک ثواب خان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین کی جانب سے 45، 45 افراد نے دستخط کیے۔ فریقین 14 نکات پر مشتمل معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جرگہ تین ہفتوں سے کوہاٹ میں جاری تھا، جرگہ ارکان نے کمشنر کوہاٹ کی نگرانی میں معاہدہ پر دستخط کیے۔

کرم امن جرگہ کے معاہدہ کے مطابق فریقین کرم میں نجی بنکرز ختم اور اسلحہ جمع کرنے کے پابند ہوں گے۔ قیام امن کے بعد حکومت کرم کو جانے والے راستوں کو کھول دے گی۔

حکومت 399 ارکان پر مشتمل خصوصی فورس بھی قائم کرے گی جو کرم کے راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے گی، کرم امن معاہدے کا باقاعدہ اعلان گورنر ہاؤس پشاور میں ہوگا، فریقین ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں کے پابند ہوں گے۔

ٹیگس