Jan ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
  • کرم: ڈی سی پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ

پاکستانی علاقے کرم کے ڈی سی پر حملہ کرنے والے 5 دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان:  پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستانی علاقے کرم کے ڈی سی پر حملہ کرنے والے 5 دہشت گردوں کی شناخت ہونے کے بعد کے پی حکومت نے پانچوں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتار کرنے اور ان دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت کرم کی صورتحال پر رات گئے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی خیبر پختونخوا اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن معاہدے کے بعد علاقہ کے مکین معاہدے کی خلاف ورزی کے ذمہ دار ہوں گے۔ فائرنگ کے واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے فوری گرفتار کیا جائے گا۔

اجلاس میں دہشت گردوں کا پوری قوت سے قلع قمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ کسی دہشت گرد سے نہ رعایت کی جائے گی نہ اُن کی معاونت کرنے والوں کو چھوڑا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ کل صبح لوئر کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے ڈی سی کرم سمیت سات افراد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد کرم کیلئے تین ماہ بعد کھانے پینے کا سامان لے جانے والا قافلہ روک دیا گیا تھا۔ 

 

ٹیگس