Jan ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۲:۴۴ Asia/Tehran
  •  وہ نوجوان جسے پاکستانی ہمیشہ یاد رکھیں گے

اعتزاز حسن کی جرات و بہادری کے اعتراف میں انھیں ستارہ شجاعت سے نوازا گیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے وطن کے لیے جان قربان کرنے والے طالب علم اعتزاز حسن بنگش کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ آج ہم خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو سے تعلق رکھنے والے شہید اعتزاز حسن کی شہادت کو یاد کرکے افسردہ ہیں، جن کی غیر معمولی جرأت ہمارے لیے اُمید  کی کرن ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ صرف 15 سال کی عمر میں  اعتزاز نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور  اپنے اسکول اور ہم جماعتوں کو دہشت گرد حملے سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے شہید تعلیم شہید اعتزازحسن بنگش کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید اعتزاز حسن بنگش نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے علاقے میں علم کی شمع کو روشن کیا اور ایک پوری نسل کے مستقبل کو محفوظ کیا۔

آج 6 جنوری وہ دن ہے جب 11 سال قبل ہنگو کے علاقے ابراہیم زئی میں گورنمنٹ ہائی سکول کے طالب علم اعتزاز حسن بنگش نے اپنی جان کی قربانی دے کر سیکڑوں طلبا کی جانیں بچائیں۔

 15 سالہ اعتزاز نے خود کش بمبار کو اسکول میں داخل ہوتے ہی اس کے حملے کو ناکام بنا دیا اور اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اسے قابو کر لیا۔ اس بہادری کے نتیجے میں وہ شہید ہو گئے لیکن ان کی قربانی نے دو ہزار طالب علموں کی جان بچا لی۔

اعتزاز حسن کی جرات و بہادری کے اعتراف میں انھیں ستارہ شجاعت سے نوازا گیا۔ آج بھی لوگ ان کی قربانی اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ٹیگس