پاکستان: حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات ختم
Jan ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۴:۰۴ Asia/Tehran
پاکستان تحریک انصاف بانی اور سابق وزیر اعظم نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے میری اور دیگر وکلاء کی ملاقات ہوئی، خان صاحب نے پہلے بھی حکومت کو سات دن کا وقت دیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر جمعرات تک حکومت نے کمیشن کا اعلان نہ کیا تو ہمارے مذاکرات ختم ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ حکومت کی جانب سے کوئی اعلان نہیں ہوا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا حکومت کے ساتھ اب مذاکرات نہیں ہوں گے۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ کمیشن سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کے تین سینئر ججز پر مشتمل ہونا چاہئیے۔