Jan ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم نے دہشت گردوں کےخلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان:  پاکستانی میڈیا کے مطابق شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ انھوں نے ضلع لکی مروت، ضلع کرک اور ضلع خیبر میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستانی وزیر اعظم کے آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر تیس دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی کو سراہا۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چوبیس اور پچیس جنوری کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تین الگ الگ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے تیس خوارج کو ہلاک کر دیا۔

ٹیگس