پاکستان: دہشتگرد بے لگام، ڈپٹی کمشنر کے بعد اسسٹنٹ کمشنر بھی فائرنگ سے زخمی
پاکستان کے صوبے خیبر پختوںخوا کے علاقے اپر کرم میں دو قبائل کے درمیان جنگ بندی کے لیے آنے والے سرکاری قافلے پر فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرم زخمی ہوگئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: ایس ایچ او کے مطابق اپر کرم میں ضلعی انتظامیہ نے جنگ بندی کروا دی تھی لیکن دوسرے فریق سے بات چیت کے لیے جانے والے قافلے پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ میں سرکاری قافلے کی قیادت کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر کرم منان زخمی ہوگئے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر سعید منان کو بوشہرہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ فائرنگ کے واقعہ میں 3 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
غلجو کلے کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر امن و امان قائم کرنے کے لیے بوشہرہ جا رہا تھے جس پر فتح کلے کی طرف سے فائرنگ کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کرم کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
قبائلی رہنما حاجی عابد کا کہنا ہے کہ بار بارامن معاہدے کی خلاف ورزی افسوسناک ہے، حکومت چودہ بارامن معاہدے کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں،امن وامان کے قیام میں عوام اپنا کردار ادا کریں۔
ادھر، کُرم میں پھنسے ہوئے 66 افراد کا کامیاب انخلا کر لیا گیا۔ تری منگل میں مشران کی سفارش پر 66 افراد، بشمول خواتین و بچے محفوظ مقام پر منتقل کر دیے گئے۔ فسادات کی وجہ سے عوام پھنس گئے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لوئر کرم میں ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا جس سے وہ زخمی ہوگئے تھے۔