Feb ۲۱, ۲۰۲۵ ۲۰:۴۹ Asia/Tehran
  • چیمپئنز ٹرافی، افغانستان پر جنوبی افریقہ کی بڑی جیت

چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 315 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز ریان رکیلٹن نے 106 گیندوں پر 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

سحر نیوز/ پاکستان: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچ نمبر 3 میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ افغانستان سے ہوا۔ 21 فروری (جمعہ) کو نیشنل اسٹیڈیم، کراچی میں کھیلا گیا یہ میچ جنوبی افریقہ نے 107 رنز سے جیت لیاہے۔ میچ میں افغانستان کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف ملا لیکن اس کی پوری ٹیم 43.3 اوورز میں 208 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ٹورنامنٹ کے چوتھے میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ 22 فروری (ہفتہ) کو آسٹریلیا سے ہوگا۔ گروپ بی کا یہ میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ نے شاندار اننگز کھیلی، لیکن یہ کافی نہیں تھا۔ رحمت نے 92 گیندوں پر 90 رنز بنائے جس میں 9 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ رحمت آخری وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ رحمت کے علاوہ کوئی اور بلے باز زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ تاہم عظمت اللہ عمرزئی (18)، راشد خان (18)، ابراہیم زدران (17)، صدیق اللہ  (16)، گلبدین نائب (13) اور رحمان اللہ گرباز (10) ڈبل فیگرز تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ باؤلر کگیسو رباڈا نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ لونگی نگیڈی اور ویان مولڈر نے دو دو کامیابیاں حاصل کیں۔ مارکو جانسن اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ افغانستان کے 8 بلے باز فاسٹ بولرز کا شکار بن گئے۔

افریقہ کے  وکٹ کیپر بلے باز ریان رکیلٹن

میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 315 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز ریان رکیلٹن نے 106 گیندوں پر 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس دوران رکیلٹن نے 7 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کپتان ٹیمبا باوما (58)، ایڈن مارکرم (52*) اور رسی وین ڈیر ڈوسن (52) نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ریان رکیلٹن اور ٹیمبا باوما کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 129 رنز کی شراکت ہوئی جس کی وجہ سے افریقی ٹیم بڑے اسکور تک پہنچ گئی۔ افغانستان کی جانب سے اسپنر محمد نبی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ عظمت اللہ عمرزئی، فضل الحق فاروقی اور نور احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

ٹیگس