پی ٹی آئی کے تین رہنما اشتہاری قرار، کئی کارکنوں کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری
پاکستان میں انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے تین رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو اشتہاری قرار دے دیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے تینوں ملزمان کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دیا جب کہ واثق قیوم عباسی، راجہ بشارت اور غیر حاضر کارکنان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

دریں اثنا ملکی سلامتی سے متعلق میٹنگ میں شرکت کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی لیڈر شپ تذبذب کا شکار ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہو گی۔ جبکہ پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو قومی سلامتی کمیٹی سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا اور بانی پی ٹی آئی کی مشاورت اور ان کے فیصلے کے بغیر کسی بھی کمیٹی کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔