پاکستان خطے میں کشیدگی کا خواہاں نہیں ہے: اسحاق ڈار
Apr ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۰:۵۰ Asia/Tehran
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر کہا ہے کہ ان کا ملک خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان پیدا شدہ حالیہ کشیدگی کے بارے میں چین کے وزیر خارجہ کو اپنے موقف سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے اور وہ خطے میں کشیدگی کا خواہاں نہیں ہے۔ پاکستان معاملے کو سنجیدگی اور ذمہ داری سے سنبھالنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین خطے کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وانگ ای نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کی مکمل حمایت کرتاہے اور پاکستان اور ہندوستان کے درمیان پیدا شدہ کشیدگی دونوں ممالک اور خطے کے امن کیلئے نقصان دہ ہے۔