May ۱۶, ۲۰۲۵ ۰۶:۴۹ Asia/Tehran
  • جنگ بندی کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے ڈی جی ایم اوز کا تیسرا رابطہ

ہندوستان کے اعلیٰ عسکری عہدے داروں نے ایک بار پھر رابطہ کر کے جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ہاٹ لائن کے ذریعے رابطہ ہوا، جو دونوں ممالک کے درمیان سیزفائر کے بعد تیسرا رابطہ ہے۔ فریقین نے زمینی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اگرچہ اس رابطے کی تفصیلات کسی بھی فریق کی جانب سے منظرعام پر نہیں آئیں، تاہم باخبر ذرائع بعض میڈیا نمائندوں کو بدھ کی شام بتایا کہ دونوں ممالک نے سیزفائر برقرار رکھنے اور سابقہ رابطے میں طے شدہ اسٹیٹس کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سے قبل پیر کے روز فریقین کے درمیان رابطہ ہوا تھا۔
دریں اثنا پاکستانی میڈیا نے بعض سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دنیا کے کئی اہم دارالحکومت دونوں ممالک سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ان پر کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کرنے کے ساتھ ساتھ جلد از جلد اعتماد سازی کے اقدامات کرنے کے لئے زور ڈال رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کئی تجاویز زیر غور ہیں۔ پاکستان کے لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور ہندوستان کے اجیت ڈوول پر مشتمل نیشنل سکیورٹی ایڈوائزرز کی سطح پر ملاقات متوقع ہے، کیونکہ دونوں کے درمیان ابتدائی بات چیت ہو چکی ہے۔

ٹیگس