ہند پاک ڈی جی ایم اوز کے درمیان ایک بار پھر رابطہ
پاکستان اور ہندوستان کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ایک بار پھر رابطہ ہوا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو ہندوستان اور پاکستان کے ڈی جی ایم اوزکے درمیان رابطہ ہوا جس کا مقصد دونوں ممالک کی مسلح افواج کو معمول کی پوزیشن پر لوٹانا بتایا گیا ہے۔ زمانہ امن کی پوزیشن پر دونوں ممالک کی واپسی کو سیز فائرکا اگلا مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اسے سے قبل گزشتہ ہفتے بھی مذکورہ دونوں عہدےداروں نے ہاٹ لائن پر رابطہ کر کے جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
خیال رہےکہ پہلگام دہشتگردانہ حملے میں ہندوستان کی طرف سے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے اور پھر اُس پر حملہ کر دینے کے بعد دونوں ملکوں کی افواج آمنے سامنے آگئی تھیں جس کا سلسلہ چار روز تک جاری رہا جس کے دوران دونوں طرف سے عسکری و غیر عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی اور دونوں ہی ممالک نے ایک دوسرے کو کاری ضرب لگانے کے پرزور دعوے کئے۔