Jul ۱۱, ۲۰۲۵ ۱۴:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: پنجاب سے تعلق رکھنے والے نو مسافروں کا قتل، اعلی حکام کی جانب سے سخت مذمت

پاکستان کے صوبے بلوچستان میں دہشت گردی کے ایک واقعے میں نو مسافروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گيا۔

سحرنیوز/پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبے بلوچستان کے علاقے سرہ ڈاکئی میں دہشتگردوں نے ایک سفاکانہ کارروائی میں پنجاب جانے والی بسوں کو روک کر مسافروں کو شناخت کے بعد اتار کر نو پاکستانیوں کو قتل کر دیا۔ترجمان بلوچستان حکومت، شاہد رند نے اس دلخراش واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے دہشت گردوں کی کھلی درندگی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ لورالائی اورموسیٰ خیل کے درمیان قومی شاہراہ پر سرہ ڈاکئی کے مقام پرپیش آیا، دہشت گردوں نے مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کئے جس کے بعد مخصوص مسافروں کو نیچے اتار کر انہیں گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے جانے والوں میں دو سگے بھائی عثمان اور جابر بھی شامل تھے، ان کے بھائی صابر نے سوشل میڈیا پر بیان دیا کہ کل ان کے والد کا انتقال ہوا تھا، آج صبح نو بجے ان کی نماز جنازہ تھی جس میں شرکت کیلئے دونوں بھائی اپنی فیملی کے ہمراہ پنجاب واپس آ رہے تھے۔شاہد رند کے مطابق یہ واقعہ دشمن کے ناپاک عزائم کی عکاسی کرتا ہے جو پاکستان کے امن، استحکام اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے لیے سرگرم ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلی حکام نےصوبے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ حکام نے تاکید کی ہے کہ اس طرح کے دہشت گردانہ واقعات سے دہشتگردی کی بیخ کنی کا حکومتی عزم نہ صرف متاثر نہیں ہو گا بلکہ اور زیادہ مضبوط ہوگا۔

ٹیگس