سندھ میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب، نظام زندگی متاثر
Jul ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
حیدرآباد شہر میں کلاؤڈ برسٹ ہوا ہے، شدید موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: حیدرآباد، ٹنڈو الٰہ یار، ٹنڈو محمد خان، جامشورو، مٹیاری اور ہالہ میں کلاؤڈ برسٹ اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور گھروں میں داخل ہو گیا۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد جناب زین العابدین کے مطابق حیدرآباد میں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، پمپنگ اسٹیشن فعال کیے جا رہے ہیں، اور بجلی کی بندش کے باعث جنریٹرز سے پانی نکالا جا رہا ہے۔ پھلیلی نہر کی سطح کم کرنے کے لیے محکمہ آبپاشی کو ہدایات دی گئی ہیں۔
ترجمان حیسکو کے مطابق حیدرآباد ریجن کے 220 فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں 53 ملی میٹر اور ایئرپورٹ پر 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی ہے۔