بارشوں کی شدت جاری، مون سون کے باعث پاکستان میں 221 اموات
پاکستان بهر میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 221 ہوگئی۔
سحرنیوز/پاکستان: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق، حالیہ مون سون بارشوں سے اب تک ملک بھر میں 221 افراد جان سے جا چکے ہیں جبکہ 592 افراد زخمی ہوئے۔ سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 135 اور خیبر پختونخوا میں 40 ہوئیں۔
بارشوں کے نتیجے میں اب تک 804 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں درجنوں مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ صوبے پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور گلگت بلتستان ہیں۔ قدرتی آفات میں گھر گرنے، ڈوبنے، لینڈ سلائیڈنگ، کرنٹ لگنے اور بجلی گرنے جیسے واقعات شامل ہیں۔
بابوسر میں کلاؤڈ برسٹ اور شدید فلیش فلڈنگ سے 14 سے زائد مقامات پر راستے بند ہو گئے ہیں، جہاں امدادی ٹیموں نے پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
این ڈی ایم اے نے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور خطرات سے آگاہ رہنے کی اپیل کی ہے۔