Aug ۰۲, ۲۰۲۵ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام نے اپنی ہزاروں سالہ افتخار آمیز تاریخ کو زندہ کردیا، نواز شریف کی صدر پزشکیان سے خاص ملاقات

لاہور میں صدر پزشکیان اور مسلم لیگ کے قائد نواز شریف کی ملاقات ہوئی جس میں اسلامی دنیا کے لیے متحدہ بلاک کی تشکیل پر تاکید اور ایران کی صہیونی مظالم کے خلاف مزاحمت کو سراہا گیا۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے لاہور میں سابق پاکستانی وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نواز شریف نے حالیہ صہیونی حملوں کے مقابلے میں ایرانی قوم کی استقامت کو سراہا اور کہا کہ ہم اسلامی جمہوری ایران کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ بھی پہلے سے زیادہ مضبوطی سے ساتھ دیں گے۔

سابق پاکستانی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ایرانی عوام نے نہ صرف اپنی سرزمین کا دفاع کیا بلکہ ایران کی ایک نئی، باوقار اور سربلند شناخت کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ یہ مزاحمت فقط ایک غاصب حکومت کے خلاف نہیں بلکہ عالمی طاقتوں کے مقابلے میں ایک جراتمندانہ موقف تھا۔ ایرانی عوام نے اپنی ہزاروں سالہ افتخار آمیز تاریخ کو زندہ کردیا ہے۔ پاکستان اس استقامت کو اپنا افتخار سمجھتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ ان کی صدر ایران کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ آمد دراصل ایرانی عوام کی عظیم استقامت کو خراج تحسین پیش کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے ایران کو نہ صرف ہمسایہ بلکہ برادر ملک قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان ہر شعبے میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی پاکستانی عوام کے تعاون اور ہمدردی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا بھر کے مسلمان متحد ہو جائیں تو صہیونی حکومت کسی آزاد قوم کو انفرادی طور پر نشانہ نہیں بنا سکتی۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی علمی، صنعتی اور زرعی صلاحیتیں آپس میں بانٹیں تاکہ ایک متحد اسلامی بلاک کی تشکیل کے ذریعے امت مسلمہ کی ضروریات کو خود ہی پورا کیا جاسکے۔

ٹیگس