پاکستان: راوی ندی میں سیلاب کا خطرہ
پاکستان کے دریاؤں راوی اور ستلج میں غیر معمولی سیلابی صورتحال کے پیش نظر چناب میں ہیڈقادرآباد کے قریب ڈیم میں دھماکے سے شگاف ڈال دیا گیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے صوبہ پنجاب میں حکام کا کہنا ہے کہ تینتیس سال بعد دریاؤں میں اتنا پانی آيا ہے اور آج رات شاہدرہ سے بڑا سیلابی ریلا گذرے گا۔
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہندوستانی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان کو سیلاب سے متعلق فراہم کی گئی نئی معلومات کی بنا پر دریائے چناب اور راوی کے مختلف مقامات پر فلڈ الرٹ جاری کر دیے گئے ہیں ۔
پنجاب کے متعدد علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچاد ہے جس کے باعث سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے ہيں اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوج کی مدد طلب کرلی گئی ہے اس درمیان پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں سیلاب کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کےلئے تمام انتظامی اقدامات فوری طور پر اٹھانے کی ہدایت کر دی۔شہباز شریف نے ملک میں جاری شدید بارشوں اور دریاؤں میں سیلابی صورتحال پر ہنگامی اجلاس کی صدارت کی، چیئرمین این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی۔