Aug ۲۷, ۲۰۲۵ ۱۹:۴۳ Asia/Tehran
  • پاکستان نے صیہونی حکومت کے ہاتھوں صحافیوں کے قتل کی مذمت کی

پاکستان نے گزشتہ دنوں غزہ میں ناصر ہسپتال پر صیہونی فوج کی بمباری کی مذمت کی کہ جس میں متعدد فلسطینی شہری من جملہ کئی صحافی شہید ہوئے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے دفتر کے بیان میں آيا ہے کہ غزہ کے خان یونس علاقے میں واقعے ناصر ہسپتال پر اسرائیل کے قاتلانہ فضائی حملے میں کم از کم 21 شہری من جملہ 4 صحافی اور ایک امدادی کارکن شہید ہوئے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ یہ گھناؤنا حملہ ناقابل قبول اور بین الاقوامی قوانین اور انسانیت نیز آزادی صحافت پر کھلا وار تھا۔

پاکستان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ صیہونی حکومت کو ان بہیمانہ جرائم کے لیے جوابدہ کرے اور غاصب اسرائيلی حکومت کو حاصل استثنا کو ختم کرنے کے لیے واضح عملی قدم اٹھائے۔

رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی وزارت خارجہ نے شام پر صیہونی فوجیوں کی مسلسل جارحیت کو بھی عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے شام کے اقتدار اعلی، خود مختاری اور ارضی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ خطے میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں امن و استحکام کو لاحق خطرے کو روکنے کی کوشش کرے۔

ٹیگس