پنجاب میں سیلاب کی تباہی، شجاع آباد، راجن پور، وہاڑی اور رحیم یار خان کے دیہات زیر آب
پنجاب میں سیلابی صورتحال برقرار ہے جس کی وجہ سے شجاع آباد ، رحیم یار خان، احمد پور شرقیہ ، راجن پور اور وہاڑی کے سیکڑوں دیہات پانی میں ڈوب گئے۔
پانی میں ڈوب چکی ہیں۔ شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں، جبکہ چاچڑاں میں سینکڑوں مکانات دریا برد ہو چکے ہیں اور ہزاروں ایکڑ پر محیط فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ صادق آباد میں نبی شاہ کے مقام پر زمیندارہ بند ٹوٹنے سے پانی آبادی میں داخل ہو گیا، جس سے مزید تباہی پھیل گئی۔ شجاع آباد میں بستی دھوندو کے بند میں 240 فٹ کا شگاف پیدا ہو چکا ہے، جس سے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
جلالپور پیروالا، شیر شاہ اور اوچ شریف کے دریائی علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جہاں رات گئے تک ریسکیو آپریشن جاری رہا۔ راجن پور، روجھان، بنگلہ اچھا، سونمیانی اور کوٹ مٹھن کے کچے علاقوں میں ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق اب تک ایک لاکھ 10 ہزار افراد اور ایک لاکھ سے زائد مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں اور ڈرونز کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
وہاڑی میں بھی 100 سے زائد دیہی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور 76 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ رحیم یار خان میں دریائے سندھ پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جس کے باعث متعدد دیہات زیر آب آ گئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
یہ صورتحال فوری امداد، مؤثر حکومتی اقدامات اور مسلسل نگرانی کی متقاضی ہے تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔