پاکستان: جماعت اسلامی کا 29 نومبر کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i458814-پاکستان_جماعت_اسلامی_کا_29_نومبر_کو_مینار_پاکستان_پر_جلسے_کا_اعلان
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے لیوی ختم ہونی چاہئے، 29 نومبر کو مینار پاکستان پر بڑا جلسہ کریں گے۔
(last modified 2026-11-11T16:42:16+00:00 )
Nov ۱۱, ۲۰۲۶ ۱۹:۰۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: جماعت اسلامی کا 29 نومبر کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے لیوی ختم ہونی چاہئے، 29 نومبر کو مینار پاکستان پر بڑا جلسہ کریں گے۔

سحرنیوز/پاکستان: لاہور سے موصولہ رپورٹ کے مطابق منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ احتجاج اور مذاکرات ساتھ ساتھ چلیں گے، 22 نومبر کو کوئٹہ میں بھی بڑا جلسہ ہوگا، پھر خیبر پختونخوا اور کراچی میں بھی جلسے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جو جدوجہد کی اس کے نتائج آنے شروع ہوگئے ہیں، جماعت اسلامی کا دباؤ نہ ہوتا تو حکومت ریلیف نہ دیتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے، حکومت نے بتایا ہے کہ ڈیڑھ کروڑ افراد کو ریلیف دیا جارہا ہے۔ 800 سی سی گاڑیوں کے ساتھ 1300 سی سی گاڑیوں کو بھی پیٹرول پر ریلیف دیا جائے، ٹریکٹر اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو بھی ریلیف ملنا چاہئے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت نے لیوی سے متعلق بتایا کہ یہ آئی ایم ایف کا مسئلہ ہے، ہم نے لیوی کے خاتمے کے لیے واضح تجاویز پیش کی ہیں، ہم کہتے ہیں کہ حکومت بڑی گاڑیوں پر امپورٹ ٹیکس بڑھائے اورلیوی بھی ان گاڑیوں پر منتقل کردے۔

حکومت نے پیٹرول کی قیمت 1000 روپے تک جانے کا عندیہ دیا تھا مگر جماعت اسلامی کی کوششوں سے قیمتوں کی کمی ہونی شروع ہوئی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی نشاندہی بھی جماعت اسلامی نے کی، عوام پر بوجھ ڈال کر ریفائنریز کو فائدہ پہنچایا گیا، پاکستان میں آئل ریفائنریز، چینی، گیس، آٹا اور آئی پی پیز مافیاز کا کارٹیل ہے، اس کارٹیل میں حکومت اور اپوزیشن کی کوئی تمیز نہیں ہے، یہ کارٹیل مل کر عوام کا خون نچوڑ رہا ہے۔

پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت نے زراعت اور تعلیم کو مکمل تباہ کر دیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب اسکولوں میں بچوں کے ساتھ تصویریں بنواتی ہیں مگر یہ نہیں بتاتیں کہ نویں میں 52 فیصد بچے فیل کیوں ہوئے؟۔ 

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel