Jul ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۳:۵۰ Asia/Tehran
  • خلا کی پہلی گہری اور رنگین تصویر جاری+ویڈیو

امریکہ کے خلائی ادارے ناسا نے خلائی ٹیلیسکوپ جیمز ویب کے ذریعے لی گئی خلا کی پہلی رنگین تصویر جاری کر دی ہے۔

جیمز ویب ٹیلسکوپ کا منصوبہ مشترکہ طور پر امریکہ، یورپ اور کینیڈا نے تیار کیا ہے جس میں دس ارب ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔ گذشتہ برس دسمبر میں جیمز ویب ٹیلی سکوپ کو خلا میں روانہ کیا گیا جس کے بعد خلا میں کائنات کے نئے اسرار سے پردہ اٹھائے جانے کی امیدیں کی جانے لگی تھیں۔

جیمز ویب ٹیلسکوپ کو اکیسویں صدی کا سب سے بڑا سائنسی منصوبہ قرار دیا گیا ہے جس کی مدد سے حاصل ہونے والی پہلی رنگین تصویر جاری کی جا چکی ہے۔ اس تصویر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ کائنات کا اب تک کا سب سے گہرا اور تفصیلی انفراریڈ نظارہ پیش کرتی ہے جس میں کہکشاؤں کی ایسی روشنی دکھائی دیتی ہے جس نے اربوں سال کی مسافت طے کی ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن بھی یہ تصویر وائٹ ہاوس میں ایک بریفنگ کے دوران دیکھ چکے ہیں۔ یہ تصویر مذکورہ ٹیلسکوپ سے لی گئیں پانچ تصاویر میں سے ایک ہے جس کی رونمائی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر نے کی۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے اس موقع پر کہا کہ ’اب ہم وہ ممکنات دیکھ سکتے ہیں جو آج سے پہلے کسی نے نہیں دیکھے، ہم ان مقامات تک پہنچ سکتے ہیں جہاں آج تک کسی نے رسائی حاصل نہیں کی۔‘

یہ ٹیلسکوپ گذشتہ برس پچیس دسمبر کو لانچ کیا کیا گیا اور اسے مشہور ہبل ٹیلی سکوپ کا جانشین قرار دیا گیا ہے۔

ٹیگس