Sep ۱۵, ۲۰۲۳ ۲۱:۲۶ Asia/Tehran
  • ایشیا کپ 2023: بنگلہ دیش نے ہندوستان کو 6 رن سے شکست دے دی

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے پریم داس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2023 سُپر 4  کے میچ میں بنگلہ دیش نے ہندوستان کو 6 رن سے ہرا دیا۔

سحر نیوز/ کھیل کود: ایشیا کپ 2023 کرکٹ ٹورنامنٹ کے سُپر 4  مرحلے کا آخری میچ آج ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا۔ ہندوستان نے ٹاس جیتا اور پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں 8 وکٹ پر 265 بنا کر ہندوستان کو 266 رن کا ہدف دیا۔ ہندوستان کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 5 اوور میں 259 رن بنا سکی  اور اس طرح ہندوستانی کھلاڑی شبھمن گل کی سینچری بھی کام نہیں آئی۔ انہوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچری بنائی۔

ادھر بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن کے 80 رن اور توحید کے 54 رن بنگلہ دیش کی ٹیم کو میچ جتانے میں کارگر ثابت ہوئے۔

ہندوستان کی طرف سے شاردل ٹھاکر نے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور محمد سمیع نے دو کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا۔

ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے اس میچ میں آخر تک دلچسپی قائم رہی، آخری اوور میں ہی ہار جیت کا فیصلہ ہو سکا۔

 

ٹیگس