پرتگال: جنگل میں آتشزدگی، 120 ہلاک و زخمی
پرتگال کے وزیراعظم نے آتشزدگی کے واقعے کو ملک کی حالیہ تاریخ کا المناک ترین واقعہ قرار دیا ہے۔
انتونیو کوستا نے آتشزدگی کے اس واقعے کو ملک کی حالیہ تاریخ کا المناک ترین واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر خشک موسم اور شدید گرمی کی لہر جنگل میں آگ لگنے کا سبب بنی۔ پرتگال کے علاقے جوپیڈروگاؤ گرینڈ کے جنگل میں لگنے والی خوفناک آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے میں اب تک کم از کم 60 افراد ہلاک اور 59 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق مقامی آبادی نے گاڑیوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی کوشش کی تاہم انہیں راستہ نہ ملا اور وہ شعلوں کی لپیٹ میں آگئےجس کے باعث زیادہ تر افراد اپنی گاڑیوں میں ہی زندہ جل گئے جبکہ کچھ ہلاکتیں دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق متعدد افراد اب بھی متاثرہ علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ بعض زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ سینکڑوں اہلکار ہیلی کاپٹروں، طیاروں اور فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پانے اور پھنسے ہوئے لوگوں کو علاقے سے نکالنے میں مصروف ہیں، تاہم بڑے پیمانے پر آگ پھیلنے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک درخت پر بجلی گرنے کی وجہ سے آگ لگی جس نے پورے جنگل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پرتگال اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔