ایٹمی معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے،یورپی یونین
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہا ہے کہ ہم نے بارہا کہا ہے اور آئندہ بھی کہتے رہیں گے کہ ایٹمی معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے۔
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے برسلز میں یورپی یونین کے رکن ملکوں کے نمائندہ اجلاس میں خطاب کے دوران اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی کے حالیہ بیان کے جواب میں کہاکہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدہ خارجہ پالیسی کے میدان میں یورپی یونین کے مناسب طرز عمل کی نشاندہی کرتا ہے۔
موگرینی کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدہ دوملکوں کے درمیان معاہدہ نہیں ہے اور ہم نے بارہا اس بات کو دوہرایا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ آئندہ مہینوں میں بھی ہمیں مجبورا اپنی یہ بات بار بار کہنی پڑے گی اور اس کی اہمیت پر زور دینا ہوگا۔
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ اس معاہدے کی ایک فریق عالمی برادری تھی اور دوسرا فریق ایران تھا جس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی حمایت کی تھی اور آئی اے ای اے نے بھی ایران کی جانب سے اس پر عمل درآمد کی باربار تصدیق کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج دوسال بعد ایجنسی اور مشترکہ کمیشن نے بھی ایٹمی معاہدے کی پاسداری کی تصدیق کی ہے اور ہمیں آئندہ مہینوں میں جہاں کہیں بھی ہوں گے اس کو دوہرانا ہوگا کیونکہ یہ عالمی سلامتی کے لئے ایک اہم مسئلہ ہے۔