ایمرجنسی کے نفاذ کی دھمکی سے ٹرمپ کی پسپائی
امریکی صدر ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے معاملے پر ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی اپنی دھمکی سے پسپائی اختیار کرلی ہے
امریکی صدرٹرمپ نے پیر اور منگل کی درمیانی رات ریاست لوئیزیانا کے دورے پر روانگی سے قبل وائٹ ہاؤس میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ میرے پاس ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا پورا اختیار ہے لیکن فی الحال میں نے اس کے بارے میں کچھ نہیں سوچا ہے -
ٹرمپ نے ریپبلیکن پارٹی کے سینیٹر لنڈسی گراہم کی جانب سے وقتی طور پر حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا -
سینیٹر لنڈسی گراہم نے اتوار کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے ٹرمپ سے کہا تھاکہ وہ حکومتی شٹ ڈاؤن کو وقتی طور پر ختم کردیں تاکہ ریپبلیکن اراکین کانگریس میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے مسئلے پر کسی اتفاق رائے تک پہنچ سکیں - میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لئے پانچ ارب سات سو ملین ڈالر کے بجٹ کی منظوری کی درخواست پر ڈیموکریٹس اراکین کانگریس کی مخالفت کے بعد ٹرمپ نے پچھلے تین ہفتے سے زائد عرصے سے حکومتی شٹ ڈاؤن کررکھا ہے -