ایران نیوکلیر ڈسپیوٹ میکنیزم، روس کا یورپی ٹرائیکا کو شدیدانتباہ
Jan ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۷:۴۴ Asia/Tehran
روس نے ایٹمی معاہدے سے متعلق نوکلیر ڈسپیوٹ میکنیزم کو فعال بنانے سے متعلق فیصلے پر یورپی ٹرائیکا کو سخت خبردار کیا ہے۔
عالمی اداروں اور تنظیموں میں روس کے مستقل نمائندے میخائل اولیانوف کا کہنا تھا کہ ماسکو نے ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کے ڈسپیوٹ میکنیزم کو فعال بنانے پر فرانس، جرمنی اور برطانیہ کو خبردار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے یورپی ٹرائیکا پر واضح کردیا ہے کہ روس اس معاملے کو منفی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
میخائل اولیانوف نے واضح کیا کہ ہم نے اس فیصلے کے منفی اثرات اور نتائج سے بھی یورپی ٹرائیکا کو آگاہ کردیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یورپی ٹرائیکا نے چودہ جنوری کو امریکہ کی کاسہ لیسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی معاہدے کے ڈسپیوٹ میکنیزم کو فعال بنانے کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ایٹمی حوالے سے ایرانی عوام پر دباؤ میں اضافہ کرنا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے گزشتہ روز تہران میں نماز جمعہ کے تاریخ ساز خطبے میں فرمایا کہ یورپی ممالک اس سے کہیں زیادہ حقیر ہیں کہ ایرانی عوام کو جھکا سکیں۔