Mar ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۳:۲۳ Asia/Tehran
  • چین میں کورونا سے ہلاکتوں میں کمی دوسرے ممالک میں اضافہ

چین میں جان لیوا کوروناوائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3158 ہو گئی جبکہ 80،770 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں اور 61،000 مریضوں کو ٹھیک ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے گئی ہے۔

چین کی اسٹیٹ ہیلتھ کمیٹی کی آج بدھ کے روز کی رپورٹ کے مطابق ملک کے 31 صوبوں میں تقریبا 80778 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئےہیں اور تقریباً 16145 مریضوں کو سخت نگرانی میں رکھا گیا ہے جن میں سے 4492 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس (کووڈ -19) سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 631 ہو گئی ہے ۔ محکمہ شہری دفاع کے سربراہ انجیلو بوریلی کا کہنا ہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 10149 ہو گئی ہے ۔ مسٹر بوریلی نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 168 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ مرنے والوں میں زیادہ تر 80 سے 90 سال کی عمر کے افراد ہیں ۔

فرانس میں کورونا وائرس (کووڈ -19) کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 33 ہو گئی ہے ۔

فرانس میں ایک دن میں کورونا وائرس کے 372 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1784 ہو گئی ہے ۔

دوسری طرف امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہو گئی ہے جب کہ جنوبی کوریا میں منگل کو کورونا وائرس (کووڈ -19) کے 131 نئے معاملوں کی تصدیق ہوئی جس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 7513 ہو گئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے انفکشن سے تین اور افراد کی اموات ہونے کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 54 ہو گئی۔

جنوبی کوریا میں گزشتہ 20 دن میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

اسپین میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا جہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1695 ہو گئی اور 36 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

جاپان کی وزارت صحت نے دو نئے معاملوں کی تصدیق کی جس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 510 ہو گئی ہے۔

جرمنی میں کورونا وائرس سے دو افراد کی موت ہوگئی ہے۔

جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے منگل کے روز اراکین پارلیمنٹ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ملک کے ساٹھ سے ستر فیصد عوام کو کورونا میں مبتلا ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔ انجلا مرکل کے بیان کے بعد پوری پارلیمنٹ میں سکوت طاری ہو گیا۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی تازہ رپورٹ کے مطابق چین سے باہر کورونا وائرس (کووڈ -19) کے 4100 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی تعداد 119 ہو گئی، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 298 ہو گئی، متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 214 تک بڑھ چکی ہے۔

ٹیگس