May ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • ٹرمپ نے چین پر الزام بھی لگایا، ثبوت نہ ہونے کا اعتراف بھی کیا!

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ کورونا وائرس چین نے بنایا ہے ۔ اُن کا یہ بیان ایسے حال میں سامنے آیا ہے کہ امریکا میں کورونا متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد میں وحشتناک رفتار سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اُدھر یورپ میں بھی کورونا کا قہر پوری شدت سے جاری ہے جبکہ روس میں بھی کورونا کے پھیلاؤ کی رفتار تیز ہو گئی ہے اور اس ملک کے وزیر اعظم بھی کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کی شب ایک پریس کانفرنس میں امریکی اینٹیلی جینس کمیونیٹی کی رائے کی مخالفت کرتے ہوئے ایک بار پھر دعوی کیا کہ کورونا وائرس ووہان لیب میں تیار کیا گیا ہے، مگر ساتھ ہی ٹرمپ نے یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ اپنے اس دعوے کو ثابت کرنے کے لئے کوئی  محکم اور قابل یقین دلیل پیش کرنے سے قاصر ہیں۔

 امریکی صدر نے مزید کہا کہ چین کو اس بارے میں وضاحت دینا چاہیے کہ یہ وائرس کس طرح سے پھیلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کو یہ بھی بتانا چاہئے کہ یہ کام غلطی سے ہوا ہے یا جان بوجھ کر ایسا کیا گیا ہے۔   ٹرمپ نے یہ بات ایسے عالم میں کہی ہے جب امریکہ کے نیشنل انٹیلی جینس ڈائریکٹوریٹ نے ایک بار پھر یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ کورونا وائرس انسان کا بنایا ہوا نہیں اور نہ ہی اس  کے جینیاتی کوڈ میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے۔

ادھر امریکہ سے موصول ہونے والی رپورٹوں کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دس لاکھ پچانوے ہزار دو سو دس ہوگئی ہے جن میں سے اب تک ترسٹھ ہزار آٹھ سو اکسٹھ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے  ہیں۔

دوسری جانب روس میں بھی کورونا وحشتناک رفتار سے پھیل رہا ہے۔ روس میں چوبیس گھنٹے میں کورونا سے متاثرین کی تعداد میں سات ہزار نو سو تینتس افراد کا اضافہ ہوا جس کے بعد اس ملک میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد ایک لاکھ چودہ ہزار چار سو سے متجاوز ہو گئی ہے۔ روس میں اب تک  ایک ہزار ایک سو انہتر افراد کورونا کے سبب جان دے چکے ہیں۔ روس کے وزیر اعظم میخائیل میشوتن بھی کورونا کا شکار ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسی کے ساتھ یورپ میں بھی کورونا کا قہر جاری ہے۔ یورپ میں کورونا سے متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد اسپین میں دو لاکھ انتالیس ہزار چھے سو انتالیس اور اموات چوبیس ہزار پانچ سو تینتالیس ہو گئی ہیں۔

اٹلی میں کورونا سے اموات ستائیس ہزار نو سو سڑسٹھ اور متاثرین دو لاکھ پانچ ہزار چار سو ترسٹھ ہیں۔

برطانیہ میں متاثرین ایک لاکھ اکہتر ہزار دو سو ترپن اور  اموات، چھبیس ہزار سات سو اکہتر بتائی گئی ہیں۔ 

فرانس میں ہلاکتیں چوبیس ہزار تین سو چھیتر اور متاثرین ایک لاکھ سڑسٹھ ہزار ایک سو اٹہتر اور جرمنی میں متاثرین ایک لاکھ ترسٹھ ہزار نو اور اموات چھے ہزار چھے سو تیئس ہیں۔  

 

ٹیگس