Jun ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۰:۱۳ Asia/Tehran
  • سیاٹل شہر کا کنٹرول ہاتھ سے نکل جانے پر ٹرمپ آگ بگولہ

امریکی صدر نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے ایک بار پھر سیاٹل (‎Seattle) کے مظاہرین کو دہشتگرد قرار دیا اور مظاہرین سے فوری طور پر شہر کا کنٹرول سکیورٹی فورسز کو دینے اور شہر سےنکل جانے کا مطالبہ کیا۔

فارس خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈیموکریٹ پارٹی والے یہ نہیں سمجھ رہے کہ دہشتگرد اس ملک کے شہروں کو آگ لگا کر لوٹ مار کر رہے ہیں۔

مظاہرین اور پولیس کے درمیان چند روز سے جاری جھڑپوں کے بعد اب سیاٹل کے پولیس اسٹیشین خالی پڑے ہیں اور وہاں کوئی اہلکار موجود نہیں اور اس شہر کا کنٹرول عوام کے ہاتھ میں آگیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی شہر سیاٹل کا کنٹرول مظاہرین نے سنبھال لیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے پہلے اپنے ایک اور ٹوئٹ  میں واشنگٹن کے گورنر جے انسلی اور سیاٹل کی میئر جنی ڈرکن پر تنقید اور انہیں مخاطب کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ وہ شہر کو فورا کنٹرول میں لیں اور اگر وہ ایسا نہیں کریں گے تو ٹرمپ خود یہ کام کریں گے۔

دوسری جانب سیاٹل کی میئر جینی ڈرکن نے کہا ہے کہ ٹرمپ غلط راستے پر گامزن ہیں اور وہ یہ بات نہیں سمجھ رہے کہ عوام کی آواز سننا کمزوری نہیں ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں حقیقی اور معنی خیز تبدیلی کی کوشش کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ امریکہ میں پچیس مئی کو ریاست منے سوٹا کے شہر منیاپولس میں ایک سفید فام پولیس افسر کے ہاتھوں سیاہ فام شہری کے بہیمانہ قتل کے بعد سے ملک گیر مظاہرے شروع ہوئے جو تاحال جاری ہیں اور امریکی عوام ملک میں ریاستی سطح پر رائج نسل پرستی کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ٹیگس