Aug ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۲ Asia/Tehran
  • روس اور چین نے یورپ کو دکھایا ٹھینگا

یورپی ٹرائیکا ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع کی غرض سے چین اور روس کو قائل کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔

 ایک یورپی سفارت کار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ جرمنی، فرانس اور برطانیہ پرمشتمل یورپی ٹرائیکا کی جانب سے ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع کی غرض سے روس اور چین کو قائل کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔

مذکورہ سفارت کارنے کہا کہ توقع ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع سے متعلق امریکی قرارداد بھی ناکام ہوجائے گی۔

اس یورپی سفارت کار کا کہنا تھا کہ امریکہ کے اس اقدام کا مقصد ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کو نابود کرنا ہے۔ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کی امریکی قراراد پیر کے روز سلامتی کونسل کو پیش کردی گئی ہے اور طے پایا ہے کہ کونسل کے ارکان چوبیس گھنٹے کے اندر اندر بذریعہ ایمیل اپنی رائے کا اعلان کریں گے۔

امریکہ نے ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع سے متعلق اس قرارداد کو منگل کے روز سلامتی کونسل میں رائے شماری کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔اقوام متحدہ میں چین کے نمائندہ دفتر نے حال ہی میں ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ چونکہ امریکہ نے ایٹمی معاہدے سے نکل کر سلامتی کونسل کی قراراد بائیس اکتیس کی ازخود خلاف ورزی کی ہے لہذا اسے ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع کے مطالبے کا حق نہیں ہے اوروہ ایٹمی معاہدے کے ڈسپیوٹ میکینزم کو فعال کرنے کا حق بھی نہیں رکھتا۔

روسی وزارت خارجہ نے یہ بات زور دے کہی ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع کی غرض سے سلامتی کونسل کی قراراد بائیس اکتیس سے استفادہ کرنے کا حق کھوچکا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کیلی کرافٹ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ہمارے پاس ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع کے سوا کوئی اور راستہ باقی نہیں بچا ہے۔ انہوں نے امریکہ اور صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ سرگرمیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے ایران کے خلاف امریکی دعوں کا اعادہ کیا اور دعوی کیا کہ ایران دنیا میں دہشت گردی کا سب سے بڑا حامی ہے۔

درایں اثنا ایک امریکی مفکر باربرا اسلاوین نے ارنا نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ خبروں سے ظاہر ہورہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کو سلامتی کونسل میں ناکامی کا منھ دیکھنا پڑے گا اور ایران مخالف قرارداد کی ناکامی سے سلامتی کونسل میں ٹرمپ انتظامیہ کی تنہائی اور بھی نمایاں ہوجائے گی۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link (11) : https://chat.whatsapp.com/BWheYzgo6g14jMJDBW62qg

ٹیگس