Sep ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۹ Asia/Tehran
  • خلیج فارس کے تنازعات سفارتی طریقوں سے حل کئے جائیں: روس

روس کے وزیر خارجہ نے تمام فریقوں کے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر خلیج فارس کے مسائل کے حل پر زور دیا ہے۔

تاس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے خلیج فارس کے عرب ممالک اور خلیج فارس تعاون کونسل کے سربراہ کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کی جس میں خطے کے پائدار استحکام کے حصول کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے اس آن لائن اجلاس میں تمام فریقوں کے جا‏ئز تحفظات و مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارتی طریقوں سے خلیج فارس کے علاقے میں تنازعات کے حل پر زور دیا۔

روس کی وزارت خارجہ کے مطابق اس آنلائن اجلاس میں علاقے کے تمام ممالک کی شرکت سے مشترکہ خطرات اور چیلنجوں کا جواب دینے کے لئے ایک تعمیری اور متحدہ منصوبہ بندی اور میکانزم کے ذریعے خلیج فارس کے علاقے میں پائدار استحکام کی راہوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

لاؤروف نے اس سلسلے میں جرمنی اور ایران کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اراکین کے سربراہی اجلاس کے لئے روسی صدر ولادیمیر پوتین کی تجاویز کی یاد دہانی بھی کرائی۔

بحرین، قطر، کویت، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ہیں۔

ٹیگس