توہین رسالت کے خلاف ساری دنیا سراپا احتجاج
فرانس میں رسول اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) کی اہانت، گستاخانہ خاکوں کی تشہیر اور فرانسیسی صدر کے بیان کے خلاف عالم اسلام کے ساتھ ساتھ یورپی ممالک میں بھی احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔
فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر اور فرانسیسی صدر کے بیان کے خلاف جرمنی، لندن، روم، کوپن ہیگن، استنبول، طرابلس، فلسطین کے مغربی کنارے، لبنان، انڈونیشیا اور صومالیہ میں مظاہرے، احتجاج اور ریلیاں نکالی گئیں۔
جبکہ پاکستان اور ہندوستان میں بھی کئی روز سے احتجاج اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور جمعے کے روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں گستاخانہ خاکوں اور فرانس کے صدر کے بیان کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا اور فرانسیسی سفارت خانے کی جانب جانے کی کوشش کی تاہم پاکستانی پولیس نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مظاہرین پر آنسوگیس کے گولے داغے اور ہوائی فائرنگ کی اور کنٹینر لگاکر راستے کو بلاک کر دیا۔
اس کے علاوہ افغانستان کے شہر ہرات میں بھی مظاہرہ ہوا اور شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں بھی ایک بہت بڑی ریلی نکالی گئی جس میں ایک اندازے کے مطابق 40 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے۔