ویانا میں فائرنگ 2 ہلاک متعدد زخمی
فائرنگ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔ سڑکوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی جنہوں نے ٹریفک کی روانی بند کردی۔
آسٹریا کے دار الحکومت ویانا میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں حکام نے ایک حملہ آور سمیت 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ پولیس نے دو حملہ آوروں میں سے ایک کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ویانا میں 6 مختلف مقامات پر فائرنگ ہوئی ہے۔ حملہ آور رائفلوں سے مسلح تھے۔ حملہ مقامی وقت کے مطابق 8 بجے کے قریب کیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں نے ایک جیسے سفید رنگ کے اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہن رکھے تھے، بیگ لٹکائے ہوئے تھے، منہ پرماسک لگائے ہوئے تھے۔
آسٹریا کے وزیر داخلہ نے اس واقعے کو متعدد افراد کا دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی مقامات سے دور رہیں اور گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔
اس سے پہلے مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ویانا میں پولیس افسر سمیت 7 افراد ہلاک اور تقریباَ 15 زخمی ہوگئے تھے۔