صدر کو اپنے اہل خانہ کی معافی کا فرمان جاری کرنے کا اختیار حاصل نہیں
امریکی سینٹ میں اقلیتی دھڑے کے سربراہ چک شومر نے کہا ہے کہ ملک کے صدر کو اپنے اہل خانہ کی معافی کا فرمان جاری کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔
سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چک شومر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو اس بات کا اختیار نہیں کہ وہ اپنے اہل خانہ کے لیے معافی کا فرمان جاری کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بھی فرمان جاری کیا گیا تو یہ امریکی صدر کو حاصل معافی کے صوابدیدی اختیارات کی توہین شمار ہوگا۔
چک شومر نے کہا کہ ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ صدر ٹرمپ نے نہ صرف اپنے اہل خانہ بلکہ اپنے ذاتی وکیل روڈی جولیانی کے لیے بھی معافی کا فرمان جاری کرنے کے بارے میں وائٹ ہاوس کے افسران سے معلومات حاصل کی ہیں۔
سینیٹ میں اقلیتی دھڑے کے سربراہ چک شومر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وائٹ ہاوس کے بعض افسران نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ صدر ٹرمپ دور صدارت کے خاتمے سے پہلے پہلے، اپنے اہل خانہ کے لیے معافی کا ایسا فرمان جاری کرنا چاہتے ہیں جس کے تحت ان کے خلاف مقدمات قائم نہیں کیے جاسکیں گے۔