بریگزٹ مذاکرات دشوار مرحلے میں داخل
حکومت برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ بریگزٹ مذاکرات دشوار مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یورپی کونسل کے نمائندے میشل بارنیہ اور بریگزٹ کے امور میں برطانوی وزیر اعظم کے نمائندے ڈیویڈ فراسٹ نے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان اب بھی شدید اختلافات جاری ہیں اور اسی بنا پر انہوں نے اپنے اعلی حکام کو مذاکرات کی صورتحال سے باخبر کرنے کے لئے مذاکرات کا سلسلہ روک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ لندن کی نظر میں ہر وہ معاملہ نامنظور ہوگا جس سے برطانیہ کی خود مختاری پر اثر پڑ سکتا ہے۔
فرانس کی زیر صدارت یورپی ممالک کے ایک گروہ نے بھی خبردار کیا ہے کہ یورپی یونین کے مفادات سے ہٹ کر برطانیہ کے ساتھ کسی بھی معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے اکتیس جنوری دو ہزار بیس کو یورپی یونین سے اپنی علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا تاہم وہ اکتیس دسمبر تک اس یونین کے قوانین کے تابع رہنے کا پابند ہے۔