واشنگٹن ڈی سی فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہو گیا
۲۰ جنوری کو امریکہ کے نو منتخب صدر جوبائیڈن اپنے عہدۂ صدارت کا حلف اٹھائیں گے۔
اسی کے پیش نظر امریکی دارالحکومت واشنگٹن ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہے اور ہزاروں کی تعداد میں نیشنل گارڈز کی اسپیشل فورس کو شہر کی حساس سرکاری عمارتوں کے اطراف میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس بار تقریب حلف برداری کے موقع پر امریکہ میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات ملک کی موجودہ حساس اور خطرناک صورتحال کو دیکھتے ہوئے کئے گئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے امریکی صدر ٹرمپ کے حامیوں نے ملکی کانگریس پر چڑھائی کر دی تھی۔ اس موقع پر رونما ہونے والے پر تشدد واقعات اور جھڑپوں میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
ان پر تشدد واقعات کہ جنہیں بعض امریکی حکام نے دہشتگردانہ اقدامات سے تعبیر کیا تھا، کا ذمہ دار ڈونلڈ ٹرمپ کو قرار دیا جا رہا ہے جبکہ وہ اس الزام کو مسترد کرتے ہیں۔
یہی واقعات امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف تحریکِ مواخذہ کے شروع ہونے اور اس حوالے سے امریکی کانگریس میں ایک بل منظور ہو جانے کا بھی سبب بنے ہیں۔