Jan ۲۳, ۲۰۲۱ ۰۸:۵۴ Asia/Tehran
  • اسرائیل کی جارحیت میں ماں، باپ اور 2 بیٹے جاں بحق

شام کے عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ حماہ میں اسرائیل کی جارحیت میں ایک ہی کنبہ کے 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کے عسکری ذرائع نے کہا ہے کہ اسرائیل کے جنگی طیاروں نے صوبہ حماہ میں حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک ہی کنبہ سے تعلق رکھنے والے 4 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ماں، باپ اور 2 بیٹے شامل ہیں اس حملے میں 2 بچے ایک عورت اور ایک سن رسیدہ شخص زخمی ہوا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 2 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ کل اسرائیل کے جنگی طیاروں نے شام کے صوبے حماہ میں میزائل برسائے جسے شامی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا تاہم کچھ میزائل رہائشی علاقے میں گرے۔

صیہونی حکومت، اس سے پہلے بھی کئی بار دہشت گردوں کی حمایت میں شامی فوج اور اس ملک کی بنیادی تنصیبات کو نشانہ بناتی رہی ہے۔

یاد رہے کہ دو ہزار گیارہ میں امریکہ اور سعودی عرب کے حمایت یافتہ دہشتگردوں نے شام میں سکیورٹی بحران کو ہوا دی تاہم شامی فوج نے ایران، استقامتی قوتوں اور روس کی مدد سے خونخوار دہشتگردوں منجملہ تکفیری ٹولے داعش کوشکست دی، تاہم اب بھی  شام کے بعض علاقوں میں امریکہ، سعودی عرب اور ترکی کے حمایت یافتہ دہشتگرد عناصر سرگرم عمل ہیں۔

ٹیگس