صومالیہ: کار بم دھماکے میں متعدد افراد ہلاک و زخمی
صومالیہ کے مرکز موغادیشو میں ہونے بم دھماکے میں کم ازکم 21 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے ایک ریستوران میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ہونے والے کار بم دھماکے میں 21 افرد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو ئے ہیں۔
مقامی حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائی ایک خودکش بمبار کے ذریعے کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں متاثرہ عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی، جہاں سے درجنوں افراد کو نکالنے کے لیے امدادی ٹیمیں بھاری مشینری کے ساتھ کارروائی میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب حکام نے مبینہ خودکش حملے کی ذمے داری دہشتگرد گروہ الشباب پر عائد کی ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی الشباب کی جانب سے نیم خودمختار صوبے پنٹ لینڈ کے بندرگاہی شہر بوساسو کے ایک قید خانے پر حملے میں کم از کم 8 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جب کہ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران مشتبہ دہشت گردوں سمیت کئی افراد جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
الشباب نے 400 قیدیوں کو آزاد کرانے کے دعوے کے ساتھ کارروائی کی ذمے داری قبول کی تھی۔
دریں اثنا عام انتخابات میں تاخیر کے خلاف اپوزیشن کے مظاہروں کے باعث موغادیشو میں سیکیورٹی پہلے ہی سخت ہے، جہاں ہزاروں اہل کاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔