Apr ۱۵, ۲۰۲۱ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • تایوان پہنچنے پر امریکی وفد کے ارکان
    تایوان پہنچنے پر امریکی وفد کے ارکان

چین نے تائیوان کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر امریکہ کو سخت نتائج کی دھمکی دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے چین کے خلاف ایک اشتعال انگيز قدم اٹھاتے ہوئے تائیوان کی حمایت میں غیر سرکاری وفد روانہ کیا جس پر بیجنگ حکومت نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جاؤ لیجان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ تائیوان کے مسئلے پر آگ سے نہ کھیلے اور سرکاری سطح پر تائیپے حکومت سے پینگیں بڑھانا فوری طور پربند کرے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کو ورغلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، کیوں کہ اس سے چین اور امریکہ کے تعلقات متاثرہوسکتے ہیں جس سے  پورا آبنائے تائیوان خطرات میں گھر جائے گا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق چین نے تائیوان کے آس پاس سکیورٹی کا دائرہ بڑھا دیا ہے اورتقریبا ًہر روز اس کے طیارے تائیوان کی حدود میں پرواز کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ منگل کے روز تائیوان کی وزارت دفاع نے چینی طیاروں کی طرف سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شکایت کی تھی۔

اس سے قبل پیر کے روز25 لڑاکا طیارے تائیوان کی حدود میں داخل ہوئے تھے۔ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نے تائیوان کے خلاف چین کی جارحانہ کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

ٹیگس