Apr ۱۸, ۲۰۲۱ ۰۷:۴۹ Asia/Tehran
  • فلپائن میں خودکش بمبار ساتھیوں  سمیت ہلاک

فلپائن میں فوج نے بروقت کارروائی کرکے خودکش حملہ آور کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔

فلپائن میں فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خودکش بمبار اور اس کے دو ساتھیوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

اطلاعات کے مطابق فلپائن کی فوج نے ابوسیاف کے عسکریت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران ملٹری گاڑی کے نزدیک خود کو دھماکے سے اُڑانے کی کوشش کرنے والے ایک بمبار کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

فلپائن میں فوج اور دہشتگردوں کے درمیان گھمسان کی جنگ دو گھنٹے تک جاری رہی جس کے دوران 2 دہشتگرد مارے گئے۔ فلپائن فوج نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا جب کہ بھاری مقدار میں اسلحہ بھی قبضے میں لیا۔

فلپائن کی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والا خود کش بمبار مصر کا شہری تھا جس کا نام یوسف ہے اور وہ ایک معروف داعشی خاتون ردا محمد محمود کا بیٹا ہے جس نے  دو سال قبل ایک آرمی چیک پوسٹ پر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا تھا۔

واضح رہے کہ فلپائن میں شدت پسند تنظیم ابوسیاف عسکری کارروائیوں میں ملوث رہی ہے جس نے اب داعشیوں کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

ٹیگس