فائزر اور موڈرنا ویکسین کیلئے وارننگ جاری
فائزر اور موڈرنا ویکسین سے دل کی سوزش بڑھنے کا خطرہ ہے۔
امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے خبردار کیا ہے کہ فائزر اور موڈرنا کی ویکسین لگانے سے کچھ افراد کو دل میں سوجن کا خطرہ بھی ہوسکتا ہے تاہم یہ رسک محدود ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایف ڈی اے نے موڈرنا اور فائزر کی بایو این ٹیک کی ویکسین کی فیکٹ شیٹ میں دل کی سوزش کے خطرے کی وارننگ شامل کردی ہے۔ یہ وارننگ امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن ( سی ڈی سی) کی ایڈوائزری کمیٹی کی جانب سے دلائل اور جامع نظر ثانی کے بعد اپ ڈیٹ کی گئی ہے۔
امریکہ کے ویکسین ایڈورس ایونٹ رپورٹنگ سسٹم میں جون کے دوسرے ہفتے کے اختتام تک مایو کارڈیٹس اور پیری کار ڈیٹس کے 12 سو سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ مذکورہ ویکسین کی دوسری خوراک کے بعد مردوں میں ان کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔