Sep ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۲ Asia/Tehran
  • دنیا میں کورونا کا قہر

پوری دنیا میں کورونا سے متاثرین اور اموات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان میں بھی کورونا کا قہر جاری ہے لیکن کورونا سے متاثرین اور اموات میں امریکہ بدستور سر فہرست ہے۔

پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق کورونا کی چوتھی لہر پوری شدت کے ساتھ جاری ہے ۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار چھے سو نواسی نئے مریضوں اور تراسی اموات کا اندراج کیا گیا۔

پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا سے تین ہزار سات سو پچپن افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد اکیانوے ہزار چار سو چالیس ہے جن میں سے پانچ ہزار تین سو باسٹھ کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چھبیس ہزار پانچ سو اسّی ہوچکی ہے۔

ادھر ہندوستان میں بھی کورونا کا قہر جاری ہے۔ ہندوستان کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چونتیس ہزار نو سو تہتر نئے مریضوں اور دو سو ساٹھ اموات کا اندراج کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں سینتیس ہزار چھے سو اکیاسی کورونا کے مریض شفایاب ہوئے۔

ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد تین لاکھ نوے ہزار چھے سو چھیالیس بتائی گئی ہے۔ ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چار لاکھ بیالیس ہزار نو بتائی گئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا سے بائیس کروڑ چالیس لاکھ ترپن ہزار پانچ سو سے زائد افراد کورونا سے متاثر اور چھیالیس لاکھ اکیس ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دنیا میں ایک کروڑ ستاسی لاکھ اٹھہتر ہزار آٹھ سو ننانوے کورونا کے مریض زیر علاج ہیں جن میں سے ایک لاکھ تین ہزار سات سو سے زائد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

لیکن کورونا کے قہر کا زور امریکہ میں زیادہ ہے جہاں اب تک کورونا سے چھے لاکھ چوہتر ہزار پانچ سو سینتالیس افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ امریکہ میں اب تک چار کروڑ پندرہ لاکھ اکسٹھ ہزار دو سو سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ کورونا سے ہونے والی اموات میں امریکہ کے بعد برازیل دوسرے نمبر پر اور ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے۔ لیکن متاثرین کی تعداد کے لحاظ ہندوستان دوسرے نمبر پر اور برازیل تیسرے نمبر ہے۔ چین میں جہاں سے کورونا شروع ہوا تھا، متاثرین کی کل تعداد پچانوے ہزار ایک سو اٹھائیس اور اموات چار ہزار چھے سو چھتیس پر رکی ہوئی ہیں۔

ٹیگس