ہندوستانی وزیر اعظم کو پاکستان کے حدود میں پرواز کرنے کی اجازت مل گئی
پاکستان نے تین برس کے بعد ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے حامل طیارے کو اپنے فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دے دی۔
فارس نیوز نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بدھ کے روز ہندوستان کے وزیر اعظم نیویارک میں ہو رہے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے گزشتہ تین برسوں میں پہلی بار پاکستان کے آسمان سے گزرتے ہوئے امریکہ پہنچے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہندوستان نے فضائی حدود سے گزرنے کے لئے پاکستان سے اجازت طلب کی تھی جس پر اسلام آباد نے اپنی رضامندی ظاہر کر دی اور اس طرح ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان کی فضاؤں سے گزرتے ہوئے امریکہ پہنچے۔
اس سے قبل پاکستان نے تین مرتبہ ہندوستانی صدر اور وزیر اعظم کے حامل طیاروں کو بیرونی سفر کے دوران اپنے حدود میں پرواز کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چھیترویں اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ پہنچے ہیں جو آج جمعرات کو امریکہ کی نائب صدر کیملا ہیرس اور جمعے کو امریکی صدر جو بایڈن سے ملاقات کریں گے۔
مودی کے اس سفر میں جاپان اور آسٹریلیا کے سربراہوں سے ملاقات بھی شامل ہے۔