چین امریکہ کیلئے سب سے بڑا خطرہ
امریکہ نے چین کو اپنے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے چین کو سب سے بڑا خطرہ قراردیتے ہوئے اس کے خلاف ایک نئے مشن کا آغاز کیا ہے جو صرف چینی حکومت اور اس کی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھے گا۔
امریکی سی آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چائنا مشن سینٹر کے نام سے ایک مشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد چین کی حکومت سے دنیا کو لاحق خطرات کا سدباب کرنا ہے۔ سی آئی اے کے مطابق امریکہ کولاحق سب سے بڑا خطرہ چین ہے اور یہ خصوصی مشن بیجنگ کی جانب سے درپیش اسٹریٹیجک چیلنجز پر توجہ مرکوز کرے گا۔
سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنس کا اس بارے میں کہنا ہے کہ یہ خصوصی گروپ سی آئی اے کی جانب سے آپریٹ ہونے والے درجن بھر گروپوں میں سے ایک ہے اور چین کے بارے میں ایجنسی کی حکمت عملی پر باہمی روابط کے لیے ہر ہفتے ڈائریکٹر کی سطح پر میٹنگز کا انعقاد بھی ہوگا۔
سی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ اس سے امریکہ کو لاحق اہم مسائل جیسے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، معاشی سیکیورٹی، ماحولیاتی چیلینجز اور صحت کے مسائل وغیرہ سے نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی۔