روسی صدر کا انتباہ، افغانستان کی صورتحال اچھی نہیں
روسی صدر نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں جمع ہونے والے دہشت گرد، پڑوسی ملکوں کے لئے سیکورٹی مشکلات بڑھا سکتے ہیں۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے سابق سوویت ریاستوں کے سیکورٹی سربراہوں کی کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں افغانستان کی صورتحال کو دشوار قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ عراق اور شام میں دہشت گردی پھیلانے کا تجربہ رکھنے والے دہشت گرد، بڑی تعداد میں افغانستان پہنچ رہے ہیں۔
روسی صدر نے کہا کہ افغانستان میں جمع ہونے والے یہ تجربہ کار دہشت گرد پڑوسی ملکوں میں حالات کو غیر مستحکم کرنے اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ شدت پسند گروہوں سے تعلق رکھنے والے یہ دہشت گرد افغانستان میں سیاسی انتشار کا فائدہ اٹھا کے پڑوسی اور سابق سوویت ریاستوں میں داخل ہوگئے تو وہاں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دیں گے۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے یہ انتباہ ایسی حالت میں دیا ہے کہ ماضی میں سابق سوویت ریاستوں کو طالبان کے اتحادی شدت پسندوں گروہوں کے حملوں کا سامنا رہا ہے۔