ویانا مذاکرات کے موقع پر امریکہ کا نیا شوشہ
ایران کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے نے ویانا مذاکرات شروع ہونے کے ساتھ ہی نیا دعوی کیا ہے۔
تسنیم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے رابرٹ میلی نے پابندیوں کے خاتمے کیلئے ویانا مذاکرات کے موقع پرجوہری معاہدے سے امریکہ کے نکلنے کی جانب اشارہ کئے بغیر کہا کہ امریکہ ایران کے سفارتکاروں کے ساتھ ہر جگہ ملاقات کیلئے تیار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پابندیاں ہٹانے کے لیے ایران اور گروپ 1+4 (جرمنی، فرانس، برطانیہ، روس اور چین) کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جمعرات 9 دسمبر کو جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے ساتھ شروع ہوا۔ علی باقری کنی نے اس بات پر زور دیا کہ ایران نے سنجیدگی سے اپنے موقف اور نظریات کی بنیاد پر مذاکرات کا راستہ اختیار کیا ہے اور مذاکرات کے لیے سنجیدہ ارادہ رکھتا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق مختلف سطحوں پر مذاکراتی عمل ہفتہ کے روز بھی جاری رہے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار علی باقری کنی نے جو پابندیوں کے خاتمے کیلئے مذاکرات میں شرکت کی غرض سے ویانا میں ہیں سفارتی مشاورت کے تسلسل اور ماہرین کی نشستوں کے علاوہ روسی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ میخائل اولیانوف اور آسٹریا کے وزیر خارجہ کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔