یوکرین کو ہتھیاروں کی ترسیل، روس کے لئے خطرہ: پوتین
روسی صدر نے کہا ہے کہ نیٹو کے رکن ملکوں کی جانب سے یوکرین کو ہتھیار کی فراہمی، ماسکو کے لئے خطرناک ہے۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے فرانس کے صدر امانوئل میکرون سے ٹیلی فونی گفتگو میں نیٹو کے رکن ممالک کی جانب سے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی کو ماسکو کے لئے خطرناک قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس، مشرقی یورپ میں نیٹو کے فوجیوں کی موجودگی نہ بڑھانے اور روس کے لئے خطرے کا باعث بننے والے ہتھیار تعینات نہ کرنے کے بارے میں بات چیت کے لئے تیار ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ اور نیٹو نے حالیہ برسوں میں مغرب کے خلاف ماسکو کی حالیہ دھمکیوں کے بہانے روس اور اس کی سرحدوں سے قریب علاقوں میں اپنی موجودگی بڑھا دی ہے۔
روس نے بارہا اعلان کیا ہے کہ یوکرین سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں اس کے فوجی اقدامات، معمول کے اقدامات ہیں لیکن امریکہ اور اس کے اتحادی یوکرین سے ملحقہ روسی سرحدوں پر صورت حال کشیدہ ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔
دوہزار چودہ سے روس کے قریب اور مشرقی یورپ میں نیٹوخاص طور سے امریکہ کا فوجی اثر و رسوخ، یوکرین کا بحران، بحیرہ بالٹک اور شام کے حالات کے باعث دو ہزار چودہ سے روس اور مغرب کے تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔
امریکہ اور اس کے یورپی اتحادیوں نے دوہزار چودہ سے روس کے خلاف اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جس پر روس نے بھی جوابی اقدام کیا ہے۔