امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں سات افراد ہلاک
امریکہ میں سال نو کے موقع پر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں کم سے کم سات افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی پولیس کے مطابق فائرنگ کا ایک واقعہ ریاست کلراڈو کے شہر لک ووڈ میں پیش آیا جہاں ایک مسلح شخص سے فائرنگ کرکے دو خواتین کو قتل اور ایک مرد کو زخمی کر دیا۔
اس کے تھوڑی دیر بعد اسی شخص نے فائرنگ کرکے ایک اور شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آخر کار ملزم بھی تعاقب کے دوران پولیس کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا۔
اس سے پہلے امریکی پولیس نے ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس کے ایک پیٹرول اسٹیشن پر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں تین نوجوانوں کی ہلاکت کی خبر دی تھی۔
امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں سالانہ کئی ہزار افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔
اسلحہ کی خرید و فروخت اور نمائش کی آزادی کو امریکہ میں فائرنگ کے ہلاکت خیز واقعات میں اضافہ کی اہم وجہ قرار دیا جاتا ہے۔ امریکہ کے قانون ساز ادارے طاقتور اسلحہ لابی کے اثر و رسوخ کی وجہ سے تاحال، گن کنٹرول قوانین وضع کرنے سے قاصر رہے ہیں۔
امریکہ کی آبادی دنیا کے پانچ فی صد کے برابر ہے تاہم اس ملک میں مسلح حملوں کے ذریعے اجتماعی قتل کا ارتکاب کرنے والوں کا تناسب دنیا میں اکتیس فی صد کے برابر ہے۔