Jan ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • امریکہ، اومیکرون کے پھیلاؤ کا مرکز

امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ساڑھے آٹھ لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ اس موذی وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد پانچ کروڑ نوے لاکھ کے قریب بتائی جارہی ہے۔

کورونا کے عالمی اعداد وشمار جاری کرنے والی ویب سائٹ ورلڈو میٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بدھ کی صبح تک امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد پانچ کروڑ چوراسی لاکھ، سات سو بیس تک پہنچ چکی تھی۔

ورلڈو میٹر کے مطابق، امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد آٹھ لاکھ اکیاون ہزار چارسوانتالیس ہے۔ کورونا کے مریضوں اور اس موذی وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے امریکہ بدستور دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔

نئے کورونا ویرینٹ اومیکرون کے بڑھتے ہوئے معاملات کے دوران امریکہ کی بعض ریاستوں کے اسپتالوں کو عملے کی کمی کا سامنا ہے جبکہ مزید مریضوں کی بھرتی کرنے کی گنجائش باقی نہیں بچی ہے۔

امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض ریاستوں میں کورونا میں مبتلا ہونے والوں اور اسپتال میں بھرتی کیے جانے والے مریضوں کی تعداد اپنی انتہا کو پہنچ رہی ہے۔کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات، عملے اور ضروری وسائل کی قلت کو دیکھتے ہوئے بعض ریاستوں نے نیشنل گارڈ سے مدد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

امریکہ میں کورونا میں مبتلا ہونے والے بچوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ملک کے سب سے بڑے چلڈرن ہاسپٹل کا کہنا ہے کہ کورونا کے زیرعلاج بچوں کی تعداد معمول سے چار گنا زیادہ ہوگئی ہے۔

سی این این کے مطابق کورونا میں مبتلا تقریبا ستر بچے اس وقت ٹیکساس میں بچوں کے سب سے بڑے اسپتال میں داخل ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے اور ڈاکٹر ان کی جان بچانے کی سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پچـھلے دو ہفتے کے دوران امریکہ بھر میں کورونا میں مبتلا بچوں کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہوا ہے جن میں چند ماہ کے بچوں سے لے کر ایسی عمر کے بچے بھی شامل ہیں جن کے لیے ویکسین لگانے کی باری کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

کورونا کی وبا پر قابو پانے اور اس موذی وائرس سے بچاؤ کے لیے لازمی آلات و وسائل کی ترسیل کو یقینی بنانے میں ناکامی کے باعث امریکی صدر جوبائیڈن کو ان دنوں اندرون ملک شدید تنقیدوں کا سامنا ہے۔ادھر نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکہ تیزی کے ساتھ کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے پھیلاؤ کا مرکز بنتا جارہا ہے۔

دوسری جانب فرانس میں کورونا کے نئے مریضوں کاتناسب ایک لاکھ ستر ہزار یومیہ ہو گیا ہےاور اب تک ملک کی دو فی صد آبادی کورونا کا شکار ہوچکی ہے۔ فرانس کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ہر ایک منٹ میں دو سے زائد افراد نئے کورونا وائرس میں مبتلا ہو رہے ہیں اور پچھلے سات روز کے دوران اومیکرون میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی تعداد میں ایک سو چھبیس فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسپتالوں میں بھرتی کیے جانے والے مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے، غیر ضروری آپریشن موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خدمات فراہم کرنے والے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں، خاص طور سے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ملازمین کی بڑی تعداد کورونا سے متاثر ہوئی جس کے باعث متعدد ٹرینیں اور بس سروس منسوخ کرنا پڑی ہے اور ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹیگس