روس یوکرین کشیدگی، امریکہ کا اپنے شہریوں کو روس کا سفر نہ کرنے کا مشورہ
امریکہ نے یوکرین سے متصل روس کی سرحد پر کشیدگی کے درمیان اپنے شہریوں کو روس کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اس حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے ساتھ سرحد پرپیدا کشیدگی سے امریکی شہریوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس لئے روس میں امریکی شہریوں کی مدد کے لیے سفارت خانے کی محدود صلاحیت، کوویڈ-19 اور اس سے متعلق داخلے پر پابندی، دہشت گردی، امریکی سکیورٹی اہلکاروں کو ہراساں کیے جانے کی وجہ سے روس کا سفر نہ کریں۔
امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وارننگ دی جاتی ہے کہ روس اور یوکرین کی سرحد پر حالات کشیدہ ہیں ۔ محکمہ وزارت نے کہا کہ کشیدہ حالات کے پیش نظر امریکی شہریوں کو اس علاقے کے ذریعہ روس سے یوکرین کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
امریکہ جو مشرق میں اپنی حریف بڑی طاقت روس پردباؤ ڈالنے کے لئے ہمیشہ ہی کوئی نہ کوئی حیلہ بہانا اور راستہ تلاش کرتا رہتا ہے، اس وقت یہ دعوی کرتے ہوئے کہ یوکرین کی سرحدوں پر روسی فوجیوں کی موجودگی اس ملک کے لئے ایک خطرہ شمار ہوتی ہے، اس علاقے میں کشیدگی پیدا کرنے اور روس پر دباؤ ڈالنے کے لئے نئے بہانے کی تلاش میں ہے جبکہ روس نے بارہا اعلان کیا ہے کہ یوکرین کی سرحدوں سے ملحقہ علاقوں میں اس کے فوجی اقدامات معمول کی کارروائی ہیں، لیکن امریکہ اوراس کے اتحادی بدستور روس یوکرین سرحد کے حالات کشیدہ ظاہرکرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔