امریکی دھمکیاں نظر انداز، شمالی کوریا کا ایک اور میزائل تجربہ
جنوبی کوریا کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے سمندرمیں کم فاصلے تک مارکرنے والے 2 میزائل فائرکئے۔
شمالی کوریا نے جمعرات کی صبح دو میزائل جاپان کے سمندر کی طرف داغے جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے داغے گئے میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون (ایس ای زیڈ) کے باہر گرے ۔
اس سے قبل جنوبی کوریا کی یونہاپ نیوز ایجنسی نے جنوبی کوریا کی فوج کے حوالے سے خبر دی تھی کہ شمالی کوریا نے جاپان کے سمندر کی طرف ایک نامعلوم میزائل داغا ہے۔
شمالی کوریا نے دوروز قبل بھی کروزمیزائل کا تجربہ بھی کیا تھا۔ شمالی کوریا ایک مہینے میں میزائل کے6 تجربات کرچکا ہے۔
امریکہ نے شمالی کوریا کی جانب سے میزائلی تجربے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جاپان کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے بیلیسٹک میزائلوں کے تجربات بین الاقوامی برادری کے لیے سنگین مسئلہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔
شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ جب تک امریکہ پیونگ یانگ پر برسراقتدار نظام کو گرانے کی اپنی پالیسی کو ختم نہیں کرتا اس وقت تک وہ اپنے میزائیل اور نیوکلیئر پروگرام سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔